گورنر سندھ سے گورنر پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 20 December,2024 05:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر خیبر پختوانخوا فیصل کریم کنڈی کی گورنر ہاؤس سندھ میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران ملکی صورتحال، مدارس رجسٹریشن بل، پاراچنار کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مدارس ملک کے تعلیمی نظام کا اہم حصہ ہیں، ان کی مزید بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔

اس موقع پر تینوں گورنرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاراچنار کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تینوں گورنرز نے پاراچنار میں مستقل امن قائم کرنے کے لیے عمائدین اور جرگہ سے ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔

گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کرم امن معاملے میں گورنر سندھ کی کاوشوں پر اظہار تشکر کیا، جس پر کامران ٹیسوری نے کہا کہ بین الصوبائی روابط سے اتحاد اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاراچنار مسئلے کے مستقل حل کےلیے گورنر سندھ کی جاری کاوشیں لائق تحسین ہیں، گورنر سندھ انیشیٹوز کے تحت جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے قابل ستائش ہیں۔