حیدرآباد: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نے حیدرآباد میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو کوئی بنیادی سہولت میسر نہیں، پورا سندھ موہنجودڑو کا منظر پیش کر رہا ہے، ملک کو چلانے کے لئے صرف دو پارٹیوں کو کچھ دو کچھ لو کی بنیاد پر حکومت دے کر ملک نہیں چلایا جا سکتا۔
سراج الحق نے کہا کہ ملکی سطح پر قومی مسائل کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے، سندھ کے مسائل پر جماعت اسلامی آواز اٹھائے گی اور سندھ کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرے گی۔
ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ پاکستان ایک کثیر القومی ملک ہے جس میں تمام قوموں کو برابری کی بنیاد پر حقوق دیئے جائیں، ملک کی پارلیمنٹ کو بالادستی اور آزادی چاہئے تاکہ ملک ترقی کر سکے، ووٹ کو اہمیت دی جائے، ووٹ کے بجائے دھاندلی سے بنائی گئی حکومتیں نہ کامیاب ہوں گی نہ ملک کے لئے فائدے مند ثابت ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پر پی پی پی گزشتہ طویل عرصے سے حکمرانی کر رہی ہے مگر اس کی کارکردگی کچھ بھی نہیں ہے، سندھ کے انتظامی افسران حکمرانوں کو پروٹوکول دینے میں مصروف رہتے ہیں۔