مریم نواز نے پارا چنار کے عوام کو ادویات کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا

Published On 22 December,2024 11:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاراچنار کے عوام کو ادویات کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ادویات اور ضروری سامان سمیت41ضروری آئٹمز کی دوسری کھیپ پارا چنا روانہ کردی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مزید 5 ٹرک کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دے دیا۔

مریم نواز نے پاراچنار کے عوام کے رابطہ کرنے پر 19 دسمبر کو کابینہ اجلاس میں ادویات اور دیگر ضروری سامان بھجوانے کی ہدایت کی تھی، صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیراورسیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ادویات کی پاراچنار منتقلی کے عمل کی نگرانی کی۔

حکام کے مطابق مزید ادویات پاراچنار بھجوائی جارہی ہیں، ضروری ادویات میں انسولین، کتے کے کاٹنے کی ویکسین، جان بچانے والی دیگر ادویات اور ضروری سامان سمیت24 آئٹمز شامل ہیں، اب تک ضروری ادویات کے 12 بڑے کاٹن پاراچنار پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید ادویات کی ترسیل کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

وزیر اعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پرپاراچنار کی بزرگ مریضَہ کو فوری آپریشن کے لئے پنجاب ایئرایمبولینس سروس کے ذریعے اسلام آباد منتقل کردیا گیا، ضلع کرم سے تعلق رکھنے والی 60 سالہ مریضَہ کے بیٹے ذیشان حید ر نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشر کا شکریہ ادا کیا اور ایئر ایمبولینس سروس کو سراہا۔

مریم نواز نے کہا کہ کرم کے عوام مشکل میں ہیں، یہ سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے ،دعا ہے حالات جلد نارمل ہوں اور زندگی اپنی معمولات کی طرف لوٹ آئے، پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے، عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی کرم بھیجا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو مزید مریضوں کو پاراچنار سے ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے راولپنڈی منتقل کیا جائے گا، قائد نوازشریف نے مجھے خصوصی طور پر پاراچنار کے لوگوں کی مدد کی ہدایت کی ہے، پارا چنار کے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا مقصد ہی بروقت اور جلد امداد کی فراہمی تھا، مصیبت زدہ لوگوں کی مدد ہمارا نصب العین ہے۔