سندھ میں پانی نہیں تو نہریں کیسے بنیں گی:مراد علی شاہ

Published On 23 December,2024 08:08 pm

لاڑکانہ:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی نہیں تو نہریں کیسے بنیں گی۔

گڑھی خدا بخش بھٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر شہید بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی کا جائزہ لینے پہنچا ہوں، اس سال بھی برسی میں ملک بھر سے کارکنان شرکت کریں گے، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بھی گڑھی خدا بخش بھٹو آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی قلت نہیں ہے، سندھ میں پانی نہیں تو کینال کیسے بنیں گے، سندھ میں پانی کے منصوبے پر آئین کے مطابق عمل ہوگا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ امن امان کی صورتحال کچھ بہتر ہوئی ہے، کچے کے علاقے میں بھی امن و امان کے حوالے سے ماضی سے بہتر ہے ، کچے میں جہاں سکول ہسپتال کی ضرورت ہے اس پر بھی کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ہر چیز ڈائیلاگ سے ختم ہو سکتی ہے، پی ٹی آئی نے ایک آدمی کے لئے ساری چیزیں داؤ پر لگائیں، پی ٹی آئی والے سیاسی نابالغ ہیں، نو مئی کے واقعات کے بعد 26 نومبر کو اسلام آباد میں حالات خراب کئے گئے۔