سکھر: (دنیا نیوز) آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے اسسٹنٹ کنٹرولر اشتیاق میمن گھر میں مردہ پائے گئے۔
متوفی اشیاق میمن کی دو بہنیں بھی گھر میں بے ہوشی کی حالت میں ملیں، اشتیاق میمن کے رشتے داروں نے مسلسل فون اٹینڈ نہ ہونے پر گھر کا دروازہ توڑا، ہسپتال ذرائع کے مطابق اشتیاق میمن کی دونوں بہنوں کی حالت بھی تشویشناک ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تینوں بہن بھائیوں نے کوئی زہریلی چیز کھائی ہے۔
رشتہ داروں کے مطابق تینوں بھائی بہن گھر میں اکیلے رہتے تھے، سول ہسپتال سکھر میں متوفی اشتیاق میمن کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، تاحال ہسپتال سے پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں مل سکی ہے۔
ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملی ہے جانچ پڑتال کررہے ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد صورتحال واضح ہوسکے گی۔