اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی کو بھی غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور امریکی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نیٹلی بیکر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی نے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کیلئے امریکی سفیر کی خدمات کو سراہا اور ڈونلڈ بلوم کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
امریکی سفیر نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، عالمی برادری کو ملکر کر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے لائحہ عمل بنانا ہوگا، کسی کو بھی غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی کے دوران تمام اداروں کا بھر پور تعاون حاصل رہا۔