طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، ایک دہائی سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے: ملالہ یوسفزئی

Published On 12 January,2025 02:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، ایک دہائی سے طالبان نے خواتین سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، مواقع اور چیلنجز کے عنوان پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے میں نے اپنا سفر شروع کیا اور میرا دل ہمیشہ پاکستان میں رہتا ہے، مسلم ورلڈ لیگ کا شکریہ جنہوں نے ہمیں یہاں اکٹھا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر لڑکی کا حق ہے کہ وہ 12 سال کے لیے سکول جائے، اس کانفرنس کا مقصد پورا نہیں ہو گا اگر ہم افغان لڑکیوں کی تعلیم کی بات نہ کریں، طالبان نے خواتین کے حقوق چھیننے کے لیے 100 سے زائد قانون سازیاں کی ہیں،غزہ میں اسرائیل نے پورا تعلیمی نظام تباہ کر دیا ہے ۔

ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ساڑھے 12 ملین لڑکیاں سکول نہیں جاتیں، دنیا کے رنگوں میں پاکستانی لڑکیوں کا حصہ بھی درکار ہے، فاطمہ جناح نےآزادی اورانصاف کی جدوجہد کیلئے بہت کام کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ نے ملالہ یوسفزئی کو اعزازی شیلڈ بھی دی۔

یاد رہے کہ دو روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے ملالہ یوسفزئی گزشتہ روز پاکستان پہنچی تھیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔