القادر ٹرسٹ کا فیصلہ کل متوقع ہے: شیخ وقاص اکرم

Published On 12 January,2025 04:32 pm

پشاور:(دنیا نیوز) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ کل متوقع ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ فیصلے میں بار بار کیوں تاخیر کی جاتی ہے؟ نیب کا کیس اس صورت میں بنتا ہے کہ پیسہ حکومت کا ہو یا ذاتی فائدہ اٹھایا ہو۔

انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ کل متوقع ہے، ملک ریاض کے اکاؤنٹس بیرون ملک سیل کردیے گئے تھے، ڈیل کے بعد ملک ریاض کا پیسہ پاکستان لایا گیا، جس کی کابینہ نے اجازت دی، پیسہ سپریم کورٹ اور اب حکومت کے اکاؤنٹس میں آچکا ہے نہ کہ بانی اور بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں آیا۔

سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ ایک ایجوکیشن ٹرسٹ ہے جیسے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی ٹرسٹ ہیں ،نیب ترامیم میں کابینہ کے فیصلوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے، 190 ملین کا ٹیگ لگا کر ٹرسٹی کو بدنام کرکے سزا دینے کی باتیں ہورہی ہیں۔

شیخ وقاص اکرم کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں فلاحی کام کرنے والوں کو  قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، گواہ موجود ہیں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں لیکن ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ سزا ہونی ہی ہونی ہے۔