لاہور: (سامیا سعید) الحمراء آرٹ کونسل میں جاری تھنک فیسٹیول 2025 کا آج آخری روز ہے، آج بھی مختلف سیشنز جاری ہیں۔
تھنک فیسٹ کےآخری روز" کپتانی کا آرٹ"، "دین اور دنیا"، "سلام سینما"، اور "میڈیا ان پولرائزڈ ٹائمز" سمیت متعدد دلچسپ موضوعات پر سیشن منعقد ہو رہے ہیں،تھنک فیسٹ میں بک سٹالز اور فوڈ سٹالز بھی لگائے گئے ہیں ۔
تھنک فیسٹ 2025 کے آخری روز سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، انسانی حقوق کے وکیل سلمان اکرم راجہ ،سابق قومی سلامتی مشیر معید یوسف ،کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر محمود مامدانی سمیت صحافی و شوبز شخصیات بھی شرکت کریں گی۔
الحمرا تھنک فیسٹ میں خطاب کرتے ہوئے معروف مصنف مصطفیٰ آفریدی نے کہا کہ ہر کسی کا مسئلہ شادی ہے، میں اسے مسئلہ نہیں مشغلہ سمجھاتا ہوں،مسائل کچھ اور ہیں جن پر ہم بات نہیں کر رہے، خوف ہمارا ورثہ بن چکا ہے ،ہم کہانیاں سنانے سے ڈرتے ہیں ،کہانی ہماری رکی ہوئی ہے۔
معروف ہدایتکار حسام حسین نے کہا کہ ہمارے ڈرامے بہتر ہیں، پاکستان میں ٹیلنٹ بھی ہے لیکن ہمارے پاس پلیٹ فارم نہیں ہے، ہم خود سے ایڈٹ نہیں کر رہے ، ہمارے پروڈکشن ہاؤسز ایڈٹ کر رہے ہیں، اب ڈائریکٹر کو ٹھیکیدار بنا دیا گیا ہے۔
اداکارہ نادیہ جمیل بولیں کہ ہمارے ہدایتکار کمال ہیں لیکن ہمارے اندر خوف ہے، خوف کا پردہ ہمیں گھیر رہا ہے، اب وہ معاشرہ نہیں رہا، اب بہت آسان ہے کہ ڈائریکٹر کو ٹھیکیدار بنا دیا جائے، ہماری انڈسٹری میں آزاد ڈائریکٹرز بہت تھوڑے رہ گئے ہیں، ڈائریکٹر کی آواز کو خاموش نہ کیا جائے۔
اداکارہ و ہدایتکار مرینہ خان نے کہا کہ ہمارے ہاں پروڈکشن میں ایک منوپلی ہے، ہم پریشر سے کام کر رہے ہیں اس سے معیار کم ہوتا ہے، ہم ابھی تک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر نہیں جا سکے۔
اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے تھنک فیسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑا چھوٹ یہ ہے کہ چینلز پیسے نہیں بنا رہے، اب ہم آرٹسٹ کو کم پیسے دے رہے ہیں، یوٹیوب کی ایک قسط سے 10 ہزار ڈالرز کہیں بھی نہیں گئے، بین الاقوامی چینلز کو ڈرامہ چاہیے اور ہمیں اچھا مواد بنا کر دینا ہے۔