نارووال:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 190ملین پاؤنڈ تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں میرے نزدیک کسی سوچ بچار کی ضرورت نہیں ہے 5 سو فیصد واضح ہے 190 ملین پونڈ برطانیہ نے پاکستان کو واپس کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ رقم تقریبا 50 ارب روپیہ پاکستانی روپوں میں بنتا ہے، وہ 50 ارب پاکستان کے خزانے میں جمع کروانے کی بجائے ان کے دوست کے جرمانے کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیا گیا، اتنا بڑا ڈاکہ پاکستان کی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا سکینڈل ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ جو بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کے ساتھ کیا ہے، اگر یہ 50 ارب روپیہ سرکاری خزانے میں جمع ہو جاتا تو اس سے بین الاقوامی معیار کی 5 یونیورسٹیاں بن سکتی تھیں، اس سے سینکڑوں ہزاروں سکول، لاتعداد ہسپتال بنتے اور کتنے بچوں کو وظائف مل سکتے تھے۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ 50 ارب روپے کا پی ٹی آئی جواب دے، 50 ارب کی رسید دکھانے کی بجائے اپنے لیڈر سے پوچھے کہ 50 ارب کہاں گیا، پی ٹی آئی کو اپنے لیڈر کا گریبان پکڑنا چاہیے کہ آپ صادق امین تھے، صادق امین کہتے کہتے 50 ارب کا ڈاکہ ڈال دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اگر کوئی پی ٹی آئی والا عمران خان کو اپنا لیڈر کہتا ہے، وہ بھی اس چوری میں شریک ہے،اب القادر یونیورسٹی کے متعلق سوشل میڈیا پر کہانیاں بنا رہے ہیں، چوری کے پیسے سے جو بھی مال بنے گا وہ ناجائز ہو گا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ آپ ڈاکہ ڈالیں اور کہیں کہ میں نے یونیورسٹی بنا دی،اب ڈاکے کا پیسہ سفید ہو گیا ہے، ڈاکہ، ڈاکہ ہی ہوتا ہے ، چاہے اس سے آپ یونیورسٹی بنائیں یاں ہسپتال۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکہ اگر آپ نے ڈالا ہے تو اس جرم کی آپ کو سزا ملے گی، پاکستانی قوم کا 50 ارب روپیہ کھایا ہے، جوڈیشل کمیشن بعد کی بات ہے، پہلے 50ارب روپے کا حساب دیں، میری قوم میرےغریب بچوں کا 50 ارب روپیہ ہے، آپ کو اس کا حساب دینا ہوگا۔