آرمی چیف سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی: سکیورٹی ذرائع

Published On 17 January,2025 11:07 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پشاور میں اجلاس کے دوران بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے بات چیت کا اصل احوال سامنے آگیا۔

سکیورٹی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے آرمی چیف سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سکیورٹی صورت حال پر گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں سے بات چیت انسداد دہشت گردی کے معاملات کے تناظر میں ہوئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں بیرسٹرگوہر نے سیاسی معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی، بیرسٹرگوہرکو جواباً بتادیا گیا کہ سیاسی معاملات پربات چیت آپ سیاست دانوں سے کریں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں کی آرمی چیف سے ہونیوالی بات چیت کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور سکیورٹی معاملات پر ہونے والی بات چیت کو سیاسی رنگ دینےکی کوشش کی گئی جو کہ باعث افسوس ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی ہے۔