راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد کمرۂ عدالت سے تحویل میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا سیل پہلے سے ہی اڈیالہ جیل میں تیار کر لیا گیا تھا۔
آج راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی کو 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے، عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا حکم بھی دیا ہے۔
بانیٔ پی ٹی آئی کو کرپٹ پریکٹسز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، خاوند کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فیصلہ سناتے وقت بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان، ان کی بہنیں اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں موجود تھیں۔