190 ملین پاؤنڈ بارے برطانوی عدالت کا فیصلہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے: بیرسٹر سیف

Published On 20 January,2025 10:03 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کے حوالے سے برطانوی ہائیکورٹ کا فیصلہ حکومت کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق یہ رقم سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی جانی تھی، واضح ہوگیا کہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ ذاتی عناد اور بدنیتی پر مبنی ہے، دیگر جعلی مقدمات کی طرح یہ مقدمہ بھی ہائی کورٹ میں بے بنیاد ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ جانے کے بعد مریم نواز اور شریف خاندان کے تمام ارمان بہہ جائیں گے، حکومت کے تمام جھوٹے مقدمات کی حقیقت ایک ایک کر کے سامنے آ رہی ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ یہ مقدمہ بھی جلد ختم ہونے والا ہے، حکومت کوئی اور جھوٹا مقدمہ بنانے کی تیاری کرے، بانی پی ٹی آئی عمران خان تمام جھوٹے مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔