خیبرپختونخوا: نگران دور میں بھرتی سرکاری ملازمین کو ہٹانے کیلئے قانون تیار

Published On 20 January,2025 10:15 am

پشاور: (عامرجمیل) خیبرپختونخوا میں نگران دور حکومت میں بھرتی سرکاری ملازمین کو ہٹانے کیلئے قانون تیار کر لیا گیا۔

خیبرپختونخوا ملازمین کو سروسز سے ہٹانے کا بل 2025 جلد اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔

مسودے کے مطابق بل کے تحت نگران حکومت کے دوران بھرتی ملازمین کو نوکری سے ہٹانا ہے، نگران حکومت کے دوران غیر قانونی طور پر بھرتیاں کی گئی تھیں۔

اس حوالے سے متعلقہ ادارے بل پاس ہونے پر نوٹیفکیشن جاری کریں گے، نوٹیفکیشن کے تحت غیرقانونی بھرتی ہونے والے ملازمین کو ہٹایا جائے گا، کوئی قانونی پیچیدگی آڑے آئی تو کمیٹی میں جائزہ لیا جائے گا۔

مسودہ کے مطابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل سمیت محکمہ خزانہ، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سیکرٹری شامل ہونگے، کمیٹی کا فیصلہ تمام متعلقہ افراد پر لاگو ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران دور حکومت کے دوران متعدد محکموں میں غیر قانونی 16 ہزار بھرتیاں ہوئی ہیں۔