فارن فنڈنگ کی طرح انٹراپارٹی کیس کو بھی لٹکایا جا رہا ہے: اکبر ایس بابر

Published On 21 January,2025 11:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کی طرح انٹرا پارٹی الیکشن کیس کو بھی لٹکایا جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا الیکشن فراڈ پر ہوا، جیسے فارن فنڈنگ کیس کو 8 سال لٹکایا ویسے ہی انٹرا پارٹی کیس کو لٹکایا جا رہا ہے، جب تک قانونی الیکشن نہ ہو جائیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح تحریک انصاف کے وسائل استعمال کر رہے ہیں، ہم نے درخواست کی ہے کہ ان کے تمام اکاؤنٹس فریز کئے جائیں، القادر ٹرسٹ کے حوالے سے جو فیصلہ آیا مجھے بانی رکن کے طور پر اس پارٹی کیلئے افسوس ہوتا ہے۔

اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تو ایسے لوگوں کو پارٹی میں ساتھ لے کر چلنا تھا جن کا ماضی کرپشن سے پاک ہو، آج طرح طرح کے لوگ اس پارٹی پر قابض ہیں۔