خیبر پختونخوا حکومت اور اساتذہ کے مذاکرات ناکام، کل تعلیمی ادارے بند کرنے کا عندیہ

Published On 22 January,2025 07:18 pm

پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت اور اساتذہ کے درمیان جاری مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔

پشاور صدر اگیگا وزیر زادہ کا کہنا ہے کہ حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباؤ کی وجہ سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتی۔

وزیر زادہ نے اعلان کیا ہے کہ کل سے پورے صوبے میں سکول، کالجز اور ہسپتالوں کی تالہ بندی کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے اور پنشن کی بحالی کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ نے خیبر روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے، لیکن انہوں نے اعلان کیا ہے کہ کل صبح 11 بجے دوبارہ اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

وزیر زادہ نے مزید کہا کہ پنشن کی بحالی ہمارا بنیادی حق ہے اور ہم اس کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔