کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں انٹرمیڈیٹ سال اول کے پرچوں کی سکروٹنی پر عائد فیس ختم کردی گئی۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس پرائیویٹ، آرٹس پرائیویٹ اور ہوم اکنامکس گروپس کے نتائج سے غیرمطمئن طلبہ کیلئے پرچوں کی سکروٹنی فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کیلئے انٹربورڈ کی انکوائری پر طلباء کیلئے جبکہ سہولت مرکزپر طالبات کیلئے خصوصی کاؤنٹرز قائم کردیئے گئے ہیں تاکہ طلبہ کواسکروٹنی فارم جمع کروانے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ناظم امتحانات کو سکرٹنی 30 روز میں مکمل کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، طلبہ سکروٹنی فارم انٹر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے نتائج پر طلبہ کی شکایت کے ازالے کے لیے سینئر اساتذہ پر مشتمل انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔