مریم نواز کی سیکنڈ اور تھرڈ ایئر طلبہ کے لئے سکالر شپ سکیم تیار کرنے کی ہدایت

Published On 13 January,2025 07:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سیکنڈ اور تھرڈ ایئر طلبہ کے لئے سکالر شپ سکیم تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کو اگلے سال سے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دینے اور لیپ ٹاپ سکیم کے جلد آغاز کا اعلان کر دیا، مریم نوازشریف نے اگلے سال سے سکالر شپ 50 ہزار کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔

مریم نوازشریف نے طلبہ سے وطن عزیز کی عزت و احترام کا عہد لیا، انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم کو پاکستانی ہونا چاہیے، سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر میرٹ پر سکالر شپ مل رہے ہیں، ہونہار سکالر شپ دیکر والدین کا مالی بوجھ بانٹ رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہونہارسکالر کے لئے 72ارب روپے دے رہے ہیں، مجھے 172 ارب روپے بھی کم لگتے ہیں، پورا جنوری ہونہار سکالر شپ کے لئے وقف کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 5 سال میں پنجاب اور پاکستان کی قسمت بدل دیں گے: وزیراعلیٰ مریم نواز

مریم نواز شریف نے طلبہ سے خطاب میں کہا کہ کوئی محب وطن ایک صوبے سے دوسرے صوبے پر حملہ نہیں کر سکتا، وطن کا کوئی پاسبان قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے اہلکاروں پر حملے نہیں کرسکتا، جان کا نذرانہ پیش کرنے والے وردی پوشوں کی تضحیک برادشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں بھی کسی کو آوازیں کسنے اور حملے کرنے کا کہوں تو مت کریں، ملکی مفادات سے متصادم ریڈ لائن کو کراس نہیں کرنا، میں انتقامی کارروائی میں لگ گئی تو عوام اور طلبہ کے کام کون کرے گا۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان میرا ہے، ذرے ذرے اور چپے چپے سے پیار ہے، حملے اور جلاؤ گھیراؤ میں پڑ گئی تو بچوں کو لیپ ٹاپ کون دے گا، اڈیالہ اور کوٹ لکھپت جیل میں 50 ڈگری کی گرمی دیکھی شکوہ نہیں کیا، جب بھی ہاتھ اٹھائے تو ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الزام تراشی کا بیانیہ بنانا کام نہ کرنے والوں کا شیوہ ہوسکتا ہے، دوسرے صوبے سکالر شپ مانگ رہے ہیں ہم دے رہے ہیں، ماں ہوں نفرت پالنے کا درس نہیں دے سکتی، نفرتوں کے دروازے بند اور پرچم کو سربلند رکھیں گے۔