راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر اپیل کا ڈرافٹ تیار کر لیا، اپیل کا ڈرافٹ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں شیئر کیا گیا۔
وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اپیلیں تیار کر لی گئی ہیں، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر اپیل کا ڈرافٹ 20 صفحات پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے اپیل کے ڈرافٹ پر مشاورت ہوئی ہے، 24 سے 48 گھنٹے میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی جائے گی۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے برطانوی عدالت کے فیصلے کو اپیل میں شامل کرنے کا کہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے این سی اے کی پروسیڈنگز کو اپیل میں شامل کرنے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے القادر ٹرسٹ کیس بھی ایک سے دو سماعتوں میں ختم ہوجائے گا، القادر کیس کا فیصلہ ایک طرف جا رہا ہے اور ثبوت دوسری طرف جا رہے ہیں، کیس اتنا ہی کمزور ہے جتنا کہ سائفر کیس تھا۔