اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپویشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو خط لکھ کر ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل پر تحفظات کا اظہار کردیا ۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بل کے خلاف اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ ڈیجیٹل نیشن بل پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے خلاف ہے، 56فیصد پاکستانی انٹرنیٹ سے دور ہیں یا ڈیجیٹل خواندہ نہیں ہیں، ڈیجیٹل نیشن بل پاکستان کے آزاد شہریوں کے لیے خطرہ ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت اور شہری آزادی کے اوپر یہ بل بڑی قدغن ہے، پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش ہوتی رہی ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہوا ہے، زیادہ تر آئی ٹی سے وابستہ محکموں میں غیر سویلین افراد کو بھرتی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی توڑ پھوڑ کیس: عدم پیشی پر عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ غیر سویلین افراد کی حساس عہدوں پر تعیناتی پرائیویسی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس حوالے سے ہمارے پاس گزشتہ دور میں مثالیں بھی موجود ہیں، پاکستان میں شہریوں کے حقوق کا تحفظ نہیں ہو رہا۔