توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی کے وکیل کی نیب کے ایک اور گواہ پر جرح مکمل

Published On 23 January,2025 03:15 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے وکلاء نے ایک اور نیب گواہ کے بیان پر جرح مکمل کرلی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران ڈائریکٹر نیب قیصر محمود کے بیان پر بشری ٰ بی بی کے وکیل نے جرح مکمل کرلی، ایف آئی اے کے گواہ قیصر محمود پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل آئندہ سماعت پر جرح کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان، بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس

واضح رہے کہ مقدمہ میں مجموعی طور پر7گواہان کی شہادت قلم بند کی جا چکی ہے ،مقدمہ میں مجموعی طور پر پانچ گواہان کے بیانات پر وکلا صفائی کی جرح مکمل ہو چکی ہے جبکہ چھٹے پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے جرح آج مکمل کی۔

بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔