عمران خان ،بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

Published On 20 January,2025 02:25 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔

سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل کے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ وکلاء صفائی عدالت پیش نہ ہوئے۔

آج کی سماعت میں کسٹم اپریزر ثناء سعید اور رابعہ کو بطور گواہ عدالت کی جانب سے طلب کیا گیا تھا ، کیس میں مجموعی طور پر 5 گواہان پر جرح مکمل ہو چکی ہے جبکہ 7 کی شہادت ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کی عدم حاضری پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلاء صفائی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

بعدازاں عدالت نے وکلاء صفائی کی عدم حاضری کی بنا پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی 23 جنوری تک ملتوی کردی۔