رؤف حسن پر درج مقدمات کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع

Published On 23 January,2025 01:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن پر درج مقدمات کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے رؤف حسن کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل عائشہ خالد عدالت پیش ہوئیں۔

دوران سماعت وزارت داخلہ نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی، رپورٹ میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں رؤف حسن کے خلاف 6 مقدمات درج ہیں، جبکہ ایف آئی اے میں بھی رؤف حسن پر ایک مقدمہ درج ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئیں، خیبرپختونخوا سے تفصیلات جلد مل جانی چاہئیں، گنڈاپور ہر بار اسلام آباد آتے ہیں اور یہاں سے لوگ گرفتار ہو جاتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور نیب سے مقدمات کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔