غزہ میں سیز فائر نہ ہوسکا، مغربی کنارے میں اسرائیل کی فائرنگ سے 14 فلسطینی شہید

Published On 24 January,2025 07:21 am

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں معاہدے کے باوجود سیز فائر نہ ہوسکا، مغربی کنارے میں فائرنگ سے 14فلسطینی شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی حملوں سے مغربی کنارے میں جنین کیمپ تباہ ہوگیا، درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا، جنین میں جبری انخلا کے بعد ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوگئے، درجنوں نئی چوکیاں قائم کردی گئیں، صیہونی فورسز نے مغربی کنارے میں کئی گھروں کو آگ لگا دی۔

جنین میں حماس مجاہدین اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں جاری ہیں، القدس بریگیڈز کے مطابق حماس مجاہدین نے اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملہ کر دیا جس سے متعدد صیہونی فوجی حملے میں شدید زخمی ہوگئے۔

جنوبی غزہ اور رفح میں اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں پر فائرنگ سے 24 گھنٹوں میں مزید 120 مظلوم فلسطینیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، شہدا کی مجموعی تعداد 47 ہزار 283 ہوگئی، اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ کے ہسپتالوں میں بحالی کا کام شروع کر دیا۔