اٹک:(دنیا نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت امن وامان بحال نہیں کرسکتی تو نتیجہ خطرناک ہوگا۔
جامعہ تفہیمات اسلامیہ اٹک میں جمعہ کے خطبہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے ملک میں امن و امان بہت زیادہ خراب ہے، میں ابھی کے پی کے سے آیا ہوں خیبر پختونخوا تو ایسے خطروں سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی شرم کی بات ہے کہ خیبر پختونخوا میں مغرب کے بعد خود پولیس والے تھانوں میں چھپ جاتے ہیں اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ جاتے ہیں، یہی حال بلوچستان کا ہے افسوس یہ ہے دشمن بھی نظر نہیں آتے اور لاشیں بھی گرتی ہیں۔
سابق امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امن و امان کو اگر حکومت بحال نہیں کر سکتی تو اس کا اگلا نتیجہ بہت خطرناک دیکھ رہا ہوں، تمام سیاسی سٹیک ہولڈر سیاسی جماعتیں مل کر کم از کم امن و امان پر اتفاق کر لیں۔
سراج الحق نے کہا کہ معیشت ایسی ہے کہ حکومت کے نعرے دعوے اعلانات اپنی جگہ پر لیکن غریب آدمی کے لیے اب سانس لینا مشکل ہو گیا ہے، میں قرضہ دینے والے کہتے ہیں قرضہ بھی لو اور ہمارا کلچر بھی اپناﺅ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں میرٹ کی پامالی ہے ، جس سے بدامنی ہے، ووٹ کے صحیح استعمال سے ٹھیک لوگ اقتدار میں آسکتے ہیں، افغانستان اور پاکستان میں جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، جنگ کے نتیجے میں تباہی ہوگی،امن قائم نہیں ہو سکتا۔