بانی نے 28 جنوری سے قبل مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کرانے کا کہا: سلمان اکرم راجہ

Published On 25 January,2025 04:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی سے 28 جنوری سے قبل ملاقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئینی و قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، سیاسی جنگ بھی لڑتے رہیں گے، مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

رہنما تحریک انصاف کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے ہم لاپتہ افراد کا کیس اٹھائیں گے، بانی نے کہا جوڈیشل کمیشن کے معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور صوبے میں بہت سی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، ملاقات کے بعد مذاکرات سے متعلق دیکھتے ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے جنید اکبر کی بطور صدر پی ٹی آئی کے پی نامزدگی کی تصدیق کر دی، انہوں نے کہا کہ جنید اکبر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا۔

رہنما تحریک انصاف کے مطابق بانی نے کہا پنجاب میں پارٹی کو منظم کرنے کیلئے دیگر لوگوں کو اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی، عالیہ حمزہ کو پنجاب میں اہم ذمہ داری دی جائے گی۔