اقلیتی برادری کیلئے امدادی سکیم کا اجرا خوش آئند ہے: احسن اقبال

Published On 25 January,2025 05:34 pm

نارووال:(دنیانیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کیلئے امدادی سکیم کا اجرا خوش آئند ہے۔

اپنے آبائی حلقے نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اقلیتی کارڈ کے اجرا پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مشکور ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کیا، ان کی قیادت میں ملک سےلوڈشیڈنگ کےاندھیرے ختم کیے۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی دور حکومت میں ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا، بانی پی ٹی آئی نے ملکی ترقی کا سفر روکا،عمران خان کے دورحکومت میں مہنگائی میں اضافہ ہوا،انہوں نے ریکارڈ قرضے لیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کیے، آج پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے، اقلیتی برادری کیلئے امدادی سکیم کا اجرا خوش آئند ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے، دوست ملکوں سے تعلقات بحال ہوئے ہیں، نارروال کو ترقی کے راستے پر گامزن کردیا ہے، نارروال میں بہترین جامعات کا جال بچھایا ہے۔