مظفرآباد : (دنیا نیوز) سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر حملے ہوگیا۔
سپیکر چوہدری لطیف اکبر حلقہ انتخاب میں قافلے پر ہونے والے اس حملے میں محفوظ رہے جبکہ 2 افراد فائرنگ سے زخمی ہوگئے، واقعے کے خلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آزادی چوک پر احتجاج کیا اور دھرنا دے کر روڈ بند کردیا۔
پولیس کی مطابق چوہدری لطیف اکبر اپنے حلقہ انتخاب میں ایک سیاسی پارٹی کے مقامی کارکن کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کی تقریب میں جا رہے تھے کہ چڑکپور کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ حالات کنٹرول کرنے کےلیے اقدامات کر رہی ہے، چند ملزمان نے سپیکر اسمبلی کے قافلے پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا، ملزمان کی گرفتاری کےلیے کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں کشمیرقانون سازاسمبلی کے سپیکرکے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری لطیف اکبر پر حملے میں ملوث ملزمان کوفوری طورگرفتار کیا جائے۔