اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر سپیکرز فورم نے سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں اینڈ کشمیر چودھری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لے لیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد جموں کشمیر کو خطوط ارسال کردیے گئے۔
خطوط میں سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں اور گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکرز کی جانب سے چودھری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
متن میں کہا گیا ہے کہ سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی پر قاتلانہ حملہ جمہوری اقدار کے منافی ہے اور قابل مذمت ہے۔
خطوط میں چیف سیکریٹری اور آئی جی آزاد کشمیر کو واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے واقعہ پر شفاف تحقیقات کرکے 3 روز کے اندر مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔
دوسری جانب خطوط میں چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد کشمیر کو واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزاز دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر اپنے حلقہ انتخاب میں مخالف سیاسی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جس میں 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔