نواز اور مریم کی مذاکرات ناکام کرانے کی کوششیں کامیاب ہوگئیں: بیرسٹر سیف

Published On 29 January,2025 10:55 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی مذاکرات ناکام کرانے کی کوششیں کامیاب ہو گئیں۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مذاکرات کی ناکامی کا ہدف دیا تھا اور اس کے بعد عرفان صدیقی اور رانا ثناء اللہ کے بیانات سے حکومت کی غیر سنجیدگی واضح ہوگئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ ”چور کی داڑھی میں تنکا“ ہے، وفاقی حکومت کو خدشہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے جعلی حکومت کی حقیقت بے نقاب ہو سکتی ہے، حقیقت کھل جانے کے بعد جعلی حکومت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز اور مریم گروپ مذاکرات کی ناکامی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف کو سیاسی عدم استحکام میں اپنی بقا نظر آ رہی ہے اور اسی لئے وہ اس صورتحال کو مزید پیچیدہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔