’’اڑان پاکستان‘‘ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا: احسن اقبال

Published On 01 February,2025 07:10 pm

لندن :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔

لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں ’’اڑان پاکستان‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2025پاکستان کی مزید کامیابیوں کا سال ہوگا، امن واستحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کیلئے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے،’’ اڑان پاکستان‘‘ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا، پاکستان نے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کی ہے، آج پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ کرکے ملکی ترقی کا راستہ روکا گیا، ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، نوازشریف کے دور حکومت میں11ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ بنگلا دیش،ترکیہ اور سنگاپور نے پالیسیوں کے تسلسل سے ترقی کی، نواز شریف کو ہٹا کر ملکی ترقی کو بھی روک دیا گیا۔