سندھ میں سیاسی پیشرفت، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے بیک ڈور رابطے

Published On 06 February,2025 06:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں بڑی سیاسی پیش رفت، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے بیک ڈور رابطے ہوئے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ میثاق کراچی پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت ہوئی، گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی رہنماؤں نےادارہ نور حق کا دورہ کیا۔

جماعت اسلامی کے ساتھ ملاقات کا یک نکاتی ایجنڈا "کراچی" تھا، جماعت اسلامی کے ساتھ ملاقات میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیر بلدیات سعید غنی، وقار مہدی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ میثاق کراچی پر پیپلزپارٹی کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے بھی ملاقات ہوئی، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم وفود کی ملاقات سندھ اسمبلی چیمبر میں ہوئی۔

پیپلز پارٹی کا وفد جلد ہی پی ٹی آئی، اے این پی، جے یو آئی سے بھی رابطے کرے گا، مجوزہ میثاق کراچی میں شہر قائد کے مسائل پر وسیع تر اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی۔

انسداد تجاوزات کے خلاف حکومتی گرینڈ آپریشن پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی، جس پر پی پی وفد نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات سیاست کی نذر نہ ہوں۔

حکومتی وفد نے کہا کہ مرکزی شاہراہوں کو ٹھیلے، پتھاروں سے صاف کرنا چاہتے ہیں۔