لاہور: (دنیا نیوز) قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی پر قابو، اقتصادی ترقی ترجیحات ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں جاری سی پی اے کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتا ہوں، سی پی اے کانفرنس پر پنجاب کی قیادت اور سپیکر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مواقع موجود ہیں، جنوب مشرقی ایشیا کو غربت، عدم مساوات جیسے مسائل درپیش ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کیلئے سرحدوں سے بالاترعلاقائی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ پارلیمان صرف قانون ساز ادارے نہیں بلکہ تبدیلی کے انجن ہیں، معیاری صحت اور تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ناگزیر ہے، قانون سازی کے ذریعے افراد کو بااختیار اور معاشرے کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔