قومی اسمبلی کا 12 واں سیشن: فافن کی ارکان کی حاضری بارے رپورٹ جاری

Published On 12 February,2025 05:09 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک(فافن) نے قومی اسمبلی کے 12 ویں سیشن میں ارکان کی حاضری رپورٹ جاری کردی۔

فافن رپورٹ کے مطا بق 36 ارکان اسمبلی پورے سیشن میں موجود رہے، جو کل ارکان کے 11 فیصد بنتے ہیں جبکہ پیکا بل کی منظوری کے وقت 68 فیصد ارکان ایوان میں موجود تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیشن کے 5 ویں اجلاس کو کورم کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا، 12 ویں سیشن میں سب سے زیادہ حاضری اسلام آباد سے منتخب نمائندوں کی رہی، سیشن کے تقریباً 277 ارکان کسی نہ کسی اجلاس میں غیر حاضر رہے، 96 ارکان اسمبلی کی سیشن کے دوران چھٹی کی درخواستیں آئیں۔

فافن رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ 181 ارکان اسمبلی بغیر بتائے چھٹیاں کرتے رہے، وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات نے 12 ویں سیشن کے تمام اجلاسوں میں شرکت کی، صرف ایک وفاقی وزیر 12 ویں سیشن کے تمام اجلاسوں میں شریک ہوا۔

اسی طرح قائد ایوان صرف 2 اجلاسوں میں آئے جن کی حاضری کا تناسب 15 فیصد رہا جبکہ اپوزیشن لیڈر نے 12 سیشن کے تمام اجلاسوں میں شرکت کی۔