اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر علی ظفر نےکہا کہ ابھی تو بانی پی ٹی آئی نے تین خط لکھے ہیں، ہوسکتا ہے بانی پی ٹی آئی چوتھا خط بھی لکھیں۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا ک یہ ایک اوپن لیٹر تھا، اوپن لیٹر کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اس کا جواب لاجواب آئے، اوپن لیٹر کا مطلب ہے کہ اگر بطور سابق وزیر اعظم کسی چیز میں کوئی خرابی دیکھی ہے تو اس کی نشان دہی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نصیحت بھی کرسکتے ہیں تاکہ اصلاح ہوسکے یہ ان کا حق ہے اور اس کو اوپن خط کہتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اس کا کوئی جواب آئے گا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہوسکتا ہے بانی پی ٹی آئی اب چوتھا خط بھی لکھیں، وہ کسی وقت بھی لکھ سکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے اپنا کام کر دیا ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، یہ کام ہمارا ہے کہ وزیراعظم پر تنقید کریں اور ان سے جواب مانگیں ، ہم اپنا کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی ایک سابق وزیر اعظم ہیں، سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، انہوں نے حکومت کی ہے، انہیں چیزوں کا ادراک ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ ان کا حق ہے کہ اوپن لیٹر لکھیں، ہماری تاریخ میں بھی بہت سے اوپن لیٹر لکھے گئے، تحریک آزادی میں بھی اوپن لیٹر بھی لکھے گئے یہ اسی کا تسلسل ہے۔