بانی کو معافی وزیراعظم سے ملنی ہے کسی اور جگہ سے نہیں: حنیف عباسی

Published On 14 February,2025 07:17 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ بانی کو معافی وزیراعظم سے ملنی ہے کسی اور جگہ سے نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں، حکومتی اقدامات سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، عوام نے انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ اب بانی پی ٹی آئی منت ترلوں پر آگئے ہیں، بانی پہلے قوم سے معافی مانگیں، بانی پی ٹی آئی نے ملکی سالمیت پر حملے کیے، ان کے ہینڈلرز نے ان کو خطوط لکھنے کی لائن دی ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ یہ خطوط کے ذریعے دوبارہ فوج پر حملہ آور ہوئے، 9 مئی کو حساس مقامات کو جلایا گیا، بانی پی ٹی آئی اور ان کے ہینڈلرز کامیاب نہیں ہوں گے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے، برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، کسی کو ملکی مفادات کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔