پنجاب: مختلف ٹریفک حادثے میں تین بھائیوں سمیت 10 افراد جاں بحق

Published On 16 February,2025 09:07 am

ملتان، لیہ: (دنیا نیوز) پنجاب میں مختلف ٹریفک حادثے کے دوران 10 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق لیہ میں کوٹ ادو روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین بھائیوں سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک زخمی ہوا ہے، نعشوں اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب شہر اولیاء ملتان میں حسن سوالی چوک پر ویگن، کار اور موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 6 افراد جان سے چلے گئے جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔