سندھ اسمبلی: یونیورسٹیز ترمیمی بل منظور، اپوزیشن کا شدید احتجاج

Published On 17 February,2025 02:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی نے اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود یونیورسٹیز ترمیمی بل منظور کر لیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے اعتراض شدہ سندھ یونیورسٹیز ترمیمی بل 2025 سندھ اسمبلی میں دوبارہ پیش کیا گیا۔

وزیر پارلیمانی امور ضیاء لنجار کی جانب سے بل پیش کئے جانے پر اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا، تاہم ایوان نے سندھ یونیورسٹیز ترمیمی بل 2025ء منظور کر لیا، اس موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان نے نامنظور نامنظور کے نعرے لگائے۔

بل کی منظوری کے وقت اپوزیشن ارکان نے سپیکر ڈائس کے پاس پہنچ کر نعرے بازی کی۔

دریں اثنا وزیر قانون سندھ نے سول کورٹس ترمیمی بل (نظرثانی) بھی ایوان میں پیش کیا، یہ دونوں بل گزشتہ اجلاس میں منظور کئے تھے لیکن گورنر سندھ نے اعتراض لگا کر واپس کردیئے تھے۔

اپوزیشن اراکین نے احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج اپوزیشن کا رویہ قابل مذمت تھا، یہاں پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے ہاتھ ملا لیا ہے، اب ان کا اتحاد ہے جو اس ہاؤس میں بغیر بلائے مہمان تھے ان کو شرم کی ضرورت تھی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آج جن لوگوں نے احتجاج کیا ان میں سے کسی نے بھی بل کو پڑھا نہیں تھا، ہر قابل و اہل شخص وائس چانسلر لگ سکتا ہے، اس پر ہنگامہ کرنا بچکانہ حرکت تھی۔

بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔