سندھ حکومت سمجھے شہریوں کا غصہ قابو میں رکھنا مشکل ہو گیا: کامران ٹیسوری

Published On 18 February,2025 11:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک اور شہری کی ڈمپر سے موت انتظامیہ کے ماتھے پر داغ ہے، سندھ حکومت سمجھے شہریوں کا غصہ قابو میں رکھنا مشکل ہو گیا۔

اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ڈمپر مافیا کی بے جا طرف داری شہریوں کی مزید اموات کا سبب بن رہی ہے، پسماندہ اور متوسط طبقے کے افراد ڈمپروں اور ٹینکروں کی زد میں آتے ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ بڑی گاڑیوں اور محافظوں کے ساتھ گھومنے والے عوام کے درد کو محسوس کریں، سمجھ سے بالاتر ہے کہ صوبائی وزراء ڈمپر مافیا کے خلاف بولتے کیوں نہیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہری پرامن احتجاج کریں، ٹینکروں اور ڈمپروں کو جلانا درست نہیں، سندھ حکومت بھی سمجھے کہ شہریوں کا غصہ قابو میں رکھنا اب مشکل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈمپر مافیا کے خلاف احتجاج پر گرفتار افراد اور سیاسی رہنماؤں کو ضمانت پر رہائی ملنی چاہیے، ڈمپر اور ٹینکر مافیا کو لگام دی جائے ورنہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خط لکھوں گا۔