لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سخت معاشی حالات کے بعد مہنگائی کم ہوئی، مزید کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے بہاولپور، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، لیہ، ڈی جی خان، راجن پورڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔
نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آسانیاں فرما رہا ہے، معاشی ٹرن آراؤنڈ ہوتا نظر آ رہا ہے، پالیسی ریٹ میں کمی نے کاروباری برادری کا اعتماد بڑھایا ہے، سخت معاشی حالات کے بعد مہنگائی میں کمی ہوئی، مزید کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ تعمیراتی کام پھر سے شروع ہوگئے ہیں، شہبازشریف کی محنت اور جانفشانی کا عالمی مالیاتی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں، وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بغض، حسد، گالم گلوچ، بدتمیزی اور بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا۔
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ سیاسی، دفاعی اور ترقی کے میدان میں ملک اور قوم کی خدمت کا شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں، ترقی کا تسلسل نہ ٹوٹتا تو ملک خطے اور دنیا میں کہیں آگے ہوتا، عوام کو تکلیفیں نہ جھیلنا پڑتیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ قیادت، جماعت اور پنجاب کے عوام کا اعتماد بڑی ذمہ داری ہے، نوازشریف اور شہبازشریف کی عوامی خدمت کے معیار پر پورا اترنا آسان نہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ جب سب نا امید ہوگئے، نوازشریف نے ہمیشہ ملک اور قوم کو نئی امید دی، نوازشریف اور شہبازشریف نے ریاست پر سیاست قربان کر کے حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی، ایک بار پھر قوم نے دیکھ لیا کہ ریلیف صرف مسلم لیگ (ن) ہی دیتی ہے۔
اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی، پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔