مصطفیٰ قتل کیس: ملزم ارمغان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Published On 18 February,2025 03:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز ) کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے مصطفیٰ عامر کے قتل کے کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

پولیس کی جانب سے ملزم ارمغان کو انسداد دہشتگردی عدالت نمبر دو میں پیش کیا گیا ، پراسیکیوٹر جنرل سندھ منتظر مہدی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کیجانب سے کون آیا ہے جس پر وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم سے وکالت نامے پر دستخط کرانے ہیں، ارمغان نے وکالت نامے پر دستخط سے انکار کردیا جس پر وکیل صفائی نے ملزم سے مکالمے میں کہا کہ آپ کے والد نے مجھے وکیل کیا ہے۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر نے سندھ ہائی کورٹ کا آرڈر پڑھ کر سنایا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا چار مقدمات ہیں؟ گراونڈ کیا ہے؟ ملزم کا کیا نام ہے ؟ جیل میں کب سے ہے؟ پولیس نے جب پکڑا اس کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟

ملزم ارمغان نے عدالت کو بتایا کہ مجھے مارا گیا ہے جس پر تفتیشی ٹیم نے مؤقف اپنایا کہ ملزم سے آلہ قتل برآمد کرناہے، ا س پر عدالت نےا ستفسار کیا کہ کیا ڈیڈ باڈی برآمد ہوگئی ہے؟ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ باڈی مل گئی ہے، قبر کشائی کا آرڈر ہوگیا ہے۔

اسی دوران ملزم ارمغان کمرہ عدالت میں بے ہوش ہوگیا جس پر پولیس اہلکاروں نے ملزم کو ہوش میں لانے کیلئے صوفے پر لٹا دیا۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم طبی طور پر ان فٹ ہے، سرکاری وکیل نے وکیل صفائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دو گھنٹے پہلے ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا، وہاں معائنہ بھی ہوا ہے، طبیعت ٹھیک تھی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ طبی معائنہ تو ہوچکا ہے ، سماعت میں کچھ دیر کیلئے وقفہ کردیتے ہیں، وقفے کے بعد ریمانڈ کی درخواست پر آرڈر کریں گے۔

بعدازاں وقفےکے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو انسداد دہشتگردی عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتےہوئے ملزم ارمغان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔