اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان جمعیت علما اسلام پاکستان اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی کی اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی خبروں سے کچھ حلقوں کو تکلیف ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ جن کو تکلیف ہے وہی بے بنیاد خبریں چلوا رہے ہیں، بغیر سربراہی کے ہی مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا قائدانہ کردار اب کسی عہدے کا محتاج نہیں، مولانا فضل الرحمان کی اتحاد میں شمولیت سے اپوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا ہ ہم آہستہ آہستہ گرینڈ الائنس کی طرف بڑھ رہے ہیں، اس طرح کے بیانات اپوزیشن کے درمیان فاصلے کم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی پارلیمنٹ میں تقریر کے بعد ان کی کردار کشی کی مہم چلائی جا رہی ہے، قوم جانتی ہے کہ فصلی بٹیرے کہاں سے متحرک ہوتے ہیں۔