مردان:(دنیا نیوز)سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے امریکہ سے لیکر تمام دنیا مدارس ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
مردان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے، آپ نے رجسٹریشن کے نام پر بینک اکاؤنٹ بند کرنے کی سازش کی، جعلی پارلیمنٹ دھاندلی کے ذریعہ وجود میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ سے لیکر تمام دنیا مدارس ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے، گزشتہ سال آٹھ فروری کو بدترین دھاندلی کی گئی، پوری دنیا میں امریکہ کو طاقتور سمجھا جا رہا ہے، ٹرمپ دنیا کا سب سے بڑا پاگل ہے۔
سربراہ جے یوآئی ف کا کہنا تھا کہ میری پارلیمنٹ عوام ہے، افغانستان، عراق اور شام سے لوگوں نے ہجرت کرلی، فلسطینی واحد قوم ہے کہ غزہ پر بمباری ہوئی مگر وہ ڈٹے رہے، 50 ہزار سے زائد لوگ شہید ہوئے مگر مجاہدین سے محاذ نہیں چھوڑا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تک میری طاقت زندہ ہے کسی کا باپ بھی قادیانیت نہیں لاسکتا، بپھرے عوام سڑکوں پر آئیں گے تو جعلی ایوانوں میں زلزلہ برپا ہوگا۔
اں کا مزید کہنا تھا کہ جنگ عظیم کے بعد یہودیوں نے مار کھائی، دربدر ہوگئے، قادیانیت یہودیوں کے پیداوار ہے، ہم نے اپنی جدوجہد نہیں چھوڑی، ہم سیاسی جہاد کے راستے پر قائم ہیں، میدان میں رہیں گے اور تمھارے ایوانوں تک پہنچیں گے۔