لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ پاک عرب ممالک کو فلسطینیوں کے مستقبل کی حفاظت کی ہمت دے۔
اپنے ویڈیو بیان میں علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل اور مصر و اردن کا اہم اجلاس ریاض میں ہو رہا ہے، خلیج تعاون کونسل کے اجلاس کی میزبانی محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مسئلہ فلسطین پر امت مسلمہ کا ایک ہی موقف ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، پوری دنیا اور امت مسلمہ کی نظریں ریاض پر لگی ہیں۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ امید ہے سعودی عرب کی قیادت میں خلیجی ممالک آزاد خودمختار ریاست فلسطین کی طرف بڑھیں گے، فلسطین کا دارالحکومت القدس شریف ہونا پہلے سے عالمی سطح پر طے ہوچکا ہے۔