لاہور:(دنیا نیوز ) ملک بھر میں رحمتوں اور برکتوں کے مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا۔
آج نماز عشا کے بعد پہلی تراویح اور کل پہلی سحری ہوگی، ملک میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں روح پرور اجتماعات کا آغاز بھی ہوگیا جبکہ مختلف اضلاع میں رمضان کا چاند اہتمام کے ساتھ دیکھا گیا۔
ملک بھر میں کروڑوں افراد کل سے روزے رکھیں گے اورخیرات و صدقات اور عبادات کی ادائیگی کے ذریعے خدائے بزرگ و برتر کا روحانی قرب طلب کریں گے،مساجد میں لوگوں کے رش میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے اور اہل ایمان نے آج سے نماز تراویح کا آغاز کر دیا ہے۔
بازاروں میں بھی لوگوں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے جو رمضان المبارک کے لیے کھجوریں، پھل اور دوسری ضروری کھانے پینے کی خریداری کر رہے ہیں جبکہ ماہ مقدس کے لیے مساجد کو بھی خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔
ماہرین صحت نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے میں احتیاط سے کام لیں، انہوں نے پانی کازیادہ استعمال کرنے اور کھانے پینے کی صحت بخش عادات اپنانے پرزور دیا ہے۔
خیال رہے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، یورپ اور امریکا میں آج پہلا روزہ تھا، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور جاپان سمیت مختلف ممالک میں کل پہلا روزہ ہوگا۔