لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں رمضان المبارک چاند نظر آ گیا، کل پہلا روزہ ہو گا۔
گزشتہ روز ملک بھر میں کہیں چاند نظر نہیں آیا تھا جس پر رویت ہلال کمیٹی نے پہلا روزہ اتوار کو ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ملک بھر میں آج نماز تروایح کے اجتماعات ہوں گے، بھارت اور بنگلا دیش میں بھی کل پہلا روزہ ہو گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے رمضان المبارک 1446ھ کے آغاز پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز مبارک ہو، رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ رمضان تزکیۂ نفس، صبر، استقامت، ہمدردی، مساوات اور اتحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے، رمضان المبارک تقویٰ، اخلاص اور قربِ الٰہی حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔