فیصل آباد:(دنیا نیوز) وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اُمور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پوری دنیا کہہ رہی ہے پاکستان معاشی بحران سے نکل رہا ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مارچ اوراپریل 2022میں ملک ڈیفالٹ کرنے کے قریب تھا، جائیں جاکر دیکھیں شام،لیبیا اور سری لنکا کے لوگ کس حال میں جی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دوبارہ ملک کو مشکل میں کندھا دیا، اگر عدم اعتماد نہ ہوتا تو ملک اگلے 3سے4ماہ میں ڈیفالٹ کرنے جارہا تھا، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اس وقت ملک معاشی بحران سے نکل رہا ہے، یہ میں نہیں پوری دنیا کہہ رہی ہے۔
مشیر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت دیگر صوبوں سے آگے بڑھ رہا ہے، پنجاب حکومت غریب آدمی کیلئے دن رات کام کررہی ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی اداروں کو مضبوط کرنا چاہیے تاکہ پہاڑوں پر بیٹھے لوگ نیچے نہ اتر آئیں گے، بلوچستان میں دہشتگرد معصوم لوگوں کو شناختی کارڈ دیکھ کر گولیاں مارتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بھی مسلح افواج، سکیورٹی اداروں کو مضبوط کیا گیا، اگر کے پی میں مسلح افواج نہ ہوں تو علی امین گنڈاپور اپنا بوریا بستر لپیٹ کر دوپہر کو ہی دوڑ جائیں گے، پوری قوم مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کی پست پر کھڑی ہے۔
مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ عناصر 26نومبر کو بدامنی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے تھے، قوم نے ان کا ساتھ نہیں دیا، عوام کو مسلح افواج اورسکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔