ایم کیو ایم پی ایس پی مافیا کے نرغے میں ہے: سعید غنی

Published On 02 March,2025 08:21 pm

کراچی ( دنیا نیوز ) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پی ایس پی مافیا کے نرغے میں ہے۔

 شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  سعید غنی کا کہنا تھا  کہ خالد مقبول بےبس سربراہ ہیں، ایم کیو ایم کی کوئی حیثیت نہیں۔ ایم کیو ایم پی ایس پی مافیا کے نرغے میں ہے، ان کے اپنے اختلافات ہیں، ایم کیو ایم نے جماعت اسلامی والا کام کیا ہے، بلدیاتی اداروں کو تباہ پرانے میئر نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے سے 3 ارب روپے کا پلاٹ سندھ حکومت خرید رہی ہے، پیپلز پارٹی نے کام شروع کیا تو ایم کیو ایم کریڈٹ لینا چاہتی ہے، تجاوزات کو روزگار سے جسٹیفائی نہیں کرنا چاہیے، سڑکوں پر  تجاوزات ختم کرنی ہے،  ٹریفک جام ہوتا ہے تو لوگ ہمیں برا  بھلا کہتے ہیں۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اکبری فٹبال گراؤنڈ کی بحالی کے کام دیکھنے آیا ہوں، صوبائی حکومت نے جو ترقیاتی منصوبے شروع کیے تھے ان کا افتتاح ہو رہا ہے، یہ عالمی معیار کا گراؤنڈ ہے۔