بادلوں کی پھر انٹری، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارشیں، پہاڑوں پر برفباری

Published On 03 March,2025 09:06 am

لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر بارشوں کا نیا سپیل جاری ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں شیخوپورہ، اوکاڑہ، ملتان، حافظ آباد، ہری پور، حسن ابدال، جھنگ، کندیاں، چنیوٹ میں بھی بادل برس پڑے۔

ادھر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، پیر چناسی، مکڑ اور گنجا پہاڑ پر برفباری سے نظارے حسین ہوگئے، برف باری کے باعث سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں آج شام تک بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مری، گلیات، ناران، کاغان اور آزاد کشمیر میں رابطہ سڑکیں بند رہنے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے برف باری، طوفان اور سیلاب کے دوران مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔