نارووال:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے چند میچ کا انعقاد نارووال سپورٹس سٹی میں ہوگا۔
پنجاب کے علاقے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ وہی منصوبہ ہے جس کو بانی پی ٹی آئی نے انتقام کا نشانہ بنایا، میرے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے انتقامی کارروائیاں کیں لیکن اللہ نے مجھے سرخرو کیا۔
انہوں نے کہا کہ انتقامی سیاست نے پورے ملک کی جو تباہی کہ اس کی بھی تاریخ کے اندر مثال ہو گی، آج ہم جہاں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں، امریکہ اور برطانیہ میں جا کر یہ لوگ ہمارے ملک اور فوج کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ وہ پروپیگنڈا جو کھبی ہندوستان بھی نہیں کر سکا ہمارے دشمن ایجنسیاں بھی نہیں کر سکیں ،یہ لوگ پاکستان کے خلاف وہاں کے کانگرس میں سینیٹرز کے سامنے جا کر جھوٹی سیاسی کہانیاں سنا کر ملک کی بدنامی کر رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ 1998 میں میاں محمد نواز شریف نے امریکہ کے بے پناہ دباؤ کے باوجود پاکستان کو اٹیمی قوت بنایا یہ ان کی بصیرت تھی، اس وقت ہمیں بڑی ضمانتیں دی گئی تھیں، پاکستان اٹیمی دھماکے نہ کرے پاکستان کے دفاع کی ضمانت ہم دیتے ہیں، کسی ملک کے دفاع کی ضمانت کوئی اور ملک نہیں دے سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر ملک اپنے دفاع کا خود ذمہ دار ہوتا ہے، 1998 میں نواز شریف کا وہ اہم قدم تھا انہوں نے کسی کی پروا نہ کر کے پاکستان کو اٹیمی قوت بنایا، جس کی وجہ سے آج ہم ایک خود مختار ملک کے طور پر باوقار طریقے سے کھڑے ہیں کسی دشمن کی جرات نہیں کہ وہ پاکستان پر میلی نگاہ ڈالے۔